Crusteez Donuts
کرسٹی ڈونٹس کا لفظ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے، کیونکہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں کرسٹی ڈونٹس نامی بیکری پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل چند غیر مصدقہ کونٹینٹ کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ممکنہ طور پر اپنی فیملی کے ہمراہ مذکورہ بیکری گئے ، تو کاؤنٹر پر بیٹھے شخص نے انتہائی نامناسب گفتگو کی۔
فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص چیف جسٹس سے کہتا ہے کہ کیا آپ ”عیسیٰ فائز“ ہیں ؟ اس پر چیف جسٹس متوجہ ہوتے ہیں تو مذکورہ شخص دو بار کہتا ہے کہ لعنت ہو آپ پر۔
واضح رہے کہ اس افسوس ناک منظر کی عکاسی بھی کی گئی ، تاہم ان ویڈیوز یا تصاویر کے مصدقہ ہونے یا جعلی ہونے کے بارے میں ہماری اطلاع کے مطابق ابھی تک آفیشلی کچھ نہیں کہا گیا۔
صاحبِ ”ترکش“ صحافی آصف محمود کے مطابق یہ تازہ واقعہ نہیں ، یہ ایک آدھ ماہ پرانا واقعہ ہے جب مبارک ثانی کیس کی سماعت ہو رہی تھی۔ یہاں ایس ایچ او سے بد تمیزی پر آملیٹ بن جایا کرتا ہے لیکن یہ ملک کا چیف جسٹس تھا ، اہل خانہ کے سامنے تذ لیل کروا کے بھی اس نے اس نوجوان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی اور نہ کسی کو کرنے دی ۔ نظر انداز کیا اور گھر چلا گیا ۔ ورنہ یہا ں تو لاہور ہائی کورٹ کے ایک جج کے بیٹے کو روکنے پر اعلی پولیس افسران معطل کر دیے جاتے ہیں۔ چیف جسٹس ایکشن لینٓا تو بیکری کے مالکان اب تک ڈونٹ بن گے ہوتے۔
ذرائع کے مطابق نامناسب گفتگو کرنے والا شخص ایک مذہبی شخص تھا جو بظاہر مبارک ثانی کیس میں چیف جسٹس کے پہلے والے فیصلے کی وجہ سے نالاں تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مہینہ بھر بعد ویڈیو وائرل کرنے کا مقصد لوگوں کو یہ تاثر دینا ہے کہ یہ مخصوص سیاسی جماعت کو ریلیف نہ دینے کی وجہ سے عوامی ردعمل کی ایک جھلک ہے جس میں خدانخواستہ ریٹائرمنٹ کے منٹ غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا کے کچھ نامی گرامی لوگ بالخصوص وہ جن کا قدرے جھکاؤ پاکستان تحریک انصاف کی طرف ہے ، نے اس بیکری کی طرف رخ کیا ، خریداری کی اور دیکھا دیکھی بیکری پر کافی رش لگ گیا۔ گویا ایک نفسیاتی پیغام دیا گیا کہ عوام کسی کی نفرت اور کسی کی محبت کی وجہ سے اس واقعے پر خوش ہے اور مذکورہ شخص غیر اعلانیہ ہیرو بن چکا ہے۔
دوسری طرف کئی صارفین اس رویے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے لکھتے ہیں کہ اس سے غیر پارلیمانی زبان اور نفرت کو مہمیز ملتی ہے ، ایسے انداز کی بھرپور حوصلہ شکنی کرنی چاہیے کہ سجناں وی مر جانا اے
اس دوران مذکورہ بیکری کو سیل کرنے اور مالک اور ملازمین کو گرفتار کرنے کی جعلی خبریں بھی گردش کرتی رہیں ، ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سرکاری اہلکار بیکری کو سیل کر رہے ہیں مگر فیکٹ چیکرز کے بقول یہ تصویر پرانی اور ڈینگی ایس او پیز متعلقہ ہے۔